جنوبی موصل، الرمادی میں جھڑپیں، فلوجہ میں کلین اپ آپریشن جاری
بغداد،20جون(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)عراقی فوج نے شدت پسند گروپ دولت اسلامی ’داعش‘کے خلاف تین محاذوں سے جنگ شروع کی ہے۔ فلوجہ میں داعش کے خلاف آپریشن اختتامی مراحل میں جاری ہے جب کہ الرمادی اور موصل کے محاذ پربھی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق فلوجہ کی جنوبی کالونیوں کو کلیئر قرار دینے کے بعد سیکیورٹی فورسز کا تازہ آپریشن شمالی کالونیوں میں جاری ہے جہاں داعش کے اکا دکا جنگجوؤں اور بارودی سرنگوں کا خاتمہ جاری ہے۔اس کے ساتھ ساتھ الرمادی میں داعش کے خلاف فوجی کارروائی کے دوران شدت پسندوں کے زیرقبضہ علاقوں پر حملے شروع کیے گئے ہیں۔موصل میں عراقی فوج کی جانب سے داعش کے خلاف دوسری مہم جوئی جاری ہے۔ یہ اطلاعات ملی ہیں کہ موصل کو داعش سے چھڑانے کے لیے امریکی ایلیٹ فورس کے ایک سو کمانڈوز بھی حصہ لیں گے۔عراقی وزیردفاع خالد العبیدی نے کہا ہے کہ القیارہ کے علاقے کو داعش سے چھڑانے کے لیے آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلوجہ میں بعض ایک مقامات اور شمالی الرمادی میں بھی جھڑپیں جاری ہیں۔عراق کی عسکری قیادت کی جانب سے جاری کردہ اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فورسز نے فلوجہ میں مزید پیش قدمی کی ہے جب کہ الانبارگورنری، صلاح الدین گورنری کے علاقے الشرقاط میں بھی پیش قدمی کی جا رہی ہے جلد ہی سیکیورٹی فورسز موصل کے اہم ترین داخلی راستے القیارہ میں داخل ہو کر داعش کی رسد گاہ بند کردیں گے۔فلوجہ میں آپریشنل چیف جنرل عبدالوھاب الساعدی کا کہنا ہے کہ فورسز نے شہر کے مرکزہ اسپتال کے قرب وجوار میں داعش کے اکا دکا جنگجوؤں کے خلاف آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ الانبار میں داعش کے خلاف آپریشن کے دوران الرمادی کے شمالی صحرائی علاقوں میں کارروائیوں کا آغاز کیا گیا ہے کہ عراقی فوج پر داعش کی طرف سے ہونے والے حملوں کا سد باب کیا جاسکے۔شمالی الرمادی کے صحرائی علاقوں کو داعش عراقی فوج پر حملوں کے لیے استعمال کرتی رہی ہے۔ امریکا کی قیادت میں عالمی اتحاد کے جنگی طیاروں کی توجہ البوریشہ اور طوی کے علاقوں پر مرکوز ہے جہاں وہ وقفے وقفے سے داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کررہے ہیں۔شمالی بیجی کی جانب سے الشرقاط کی طرف آپریشن شروع کیا گیا ہے تاہم یہاں پر کوئی بڑی مزاحمت دیکھنے میں نہیں آئی ہے۔ فورسز القیارہ کی طرف صحرائی راستوں اور مرکزی سڑک سے پیش قدمی کررہی ہے مگر ابھی القیارہ فوجی اڈے تک پہنچنے میں 50 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنا ہوگا۔